ویب ڈیسک: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پاکستان کے تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والی زیر تربیت خواتین اے ایس پیز کے ہمراہ جڑانوالہ کے متاثرہ گرجا گھروں کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق زیر تربیت خواتین پولیس افسران میں اے ایس پیز سندس، صابرہ، رضوانہ، زینب اور اے ایس پی شازیہ شامل تھیں، اس کے علاوہ آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان، سی پی او عثمان اکرم گوندل، ایس ایس پی آپریشنز اور سینئر افسران آئی جی پنجاب کے ہمراہ تھے۔
آئی جی پنجاب اور خواتین اے ایس پیز نے مسیحی کمیونٹی کے متاثرہ گھروں کا بھی دورہ کیا، زیر تربیت خواتین اے ایس پیز نے مسیحی بستیوں اور دانش سکول ریلیف کیمپ میں کرسچین کمیونٹی کی متاثرہ خواتین سے ملاقات کی۔ خواتین پولیس افسران نے مسیحی کمیونٹی کی خواتین کو بھرپور سکیورٹی اور تعاون کا یقین دلایا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والی اے ایس پیز کی کرسچین کمیونٹی کی خواتین سے ملاقات اظہار یکجہتی کی علامت ہے، خواتین اے ایس پیز نے مسیحی خواتین کو گرجا گھروں اور رہائش گاہوں کی جلد از جلد بحالی کا یقین دلایا، مسیحی کمیونٹی کے متاثرہ گھروں کی بحالی اور تعمیر و مرمت مکمل ہونے تک خواتین اے ایس پیز جڑانوالہ میں ڈیوٹی دیں گی۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ خواتین اے ایس پیز باقاعدگی سے مسیحی خواتین سے رابطے میں رہیں گی، خواتین پولیس افسران مسیحی خواتین اور بچیوں کی سکیورٹی اور احساس تحفظ یقینی بنائیں گی۔