ویب ڈیسک: زلزلہ کے جھٹکوں نے بھارت کے کئی شہروں میں عمارتوں کو جھنجوڑ کر رکھ دیا، لوگ خوفزدہ ہو کر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ پاکستانی وقت کے مطابق شب سوا آٹھ بجے بھارت کی ریاست آسام کے علاقہ ہجائی میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی ریکٹر سکیل پر شدت 5 ریکارڈ کی گئی۔ اسی وقت آسام کے شہر تیز پور میں بھی زلزلہ کے جھٹکوں نے عمارتوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس زلزلہ سے کسی جانی نقصان کی اب تک کوئی اطلاع نہیں آئی۔
اس سے کچھ دیر قبل ہفتہ کی شب پونے آٹھ بجے چین کے علاقہ ہمالیائی پہاڑی علاقہ تبت میں زلزلہ کے جھٹکوں سے گھروں کے اندر موجود تمام اشیا بری طرح ہلنے لگیں۔ لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔
یہ زلزلہ چین کے علاقہ تبت میں نینگچی میں ریکارڈ کیا گیا، زلزلہ کی شدت ریکٹر سکیل پر 4۔8 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز زمین سے دس کلو میٹر گہرائی میں تھا۔ اس زلزلہ کے جھٹکے وسیع علاقہ میں محسوس کئے گئے تاہم اس سے کوئی جانی نقصان فوری طور پر رپورٹ نہیں ہوا۔
اس سے پہلے ہفتہ کی دوپہر پاکستانی وقت کے مطابق ایک بجے بھی ایک زلزلہ نے چین کے طول و عرض میں خوف و ہراس پیدا کر دیا۔ اس کا مرکز چین سے 236 کلومیٹر دور مغرب کی سمت تبت کی سطح مرتفع میں چامڈو کے علاقہ میں تھا۔ زلزلہ کی شدت ریکٹر سکیل پر 4.7 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ سے کسی فوری نقصان کی اطلاعات نہیں ملیں۔
19 اگست 2023 کو تبت کے علاقہ میں پے درپے آنے والےزلزلوں نے لوگوں کو 19 اگست 1966 کو ترکی کے شہر اناطولیہ کے زلزلہ کی تلخ یاد دلا دی۔ریکٹر سکیل پر 6۔8 شدت کے اس زلزلہ میں ترکی کے مشرقی اناطولیہ کے صوبہ ارزروم کے قصبہ وارتو میں 2394 افراد جاں بحق ہو گئے تھے اور 1500 سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے تھے۔