(ویب ڈیسک ) نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اہلیہ کے ہمراہ جڑانوالہ کی کرسچن کالونی کا دورہ ، گرجا گھروں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جڑانوالہ میں کرسچن کالونی کا دورہ کیا،نامزد چیف جسٹس نے سانحہ میں متاثر مکانات اور گرجا گھروں کی صورتحال کا جائزہ لیا، انہوں نے جڑانوالہ کے متاثرین سے ملاقات بھی کی، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ ان کی اہلیہ بھی تھیں۔مقامی انتظامیہ کی جانب سے جسٹس قاضی فائز عیسٰی کو واقعہ اور متاثرین کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔
جسٹس فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ نقصانات دیکھ کر بہت دکھ ہوا، آپ لوگوں کو ڈرنے کی ضرورت نہیں، ہر صورت تحفظ فراہم کریں گے،اس موقع پر سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ڈپٹی کمشنر پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کو 3 دن گزر گئے لیکن متاثرہ گلیاں صاف نہیں کی گئیں،نامزد چیف جسٹس پاکستان نے ڈپٹی کمشنر کو کرسچین کالونی کی گلیاں فوری صاف کرانے کی بھی ہدایات دیں،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے دانش سکول میں متاثرین سے ملاقات کی جس کے بعد وہ روانہ ہوگئے۔