(مانیٹرنگ ڈیسک) مینار پاکستان پر 14 اگست کو منچلوں کی جانب سے ہراساں کیے جانے اور بدسلوکی کا شکار ہونے والی لڑکی ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی۔
لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں یومِ آزادی کے موقع پر لڑکی ٹک ٹاکر سے دست درازی کا خوفناک واقعہ 3 روز بعد سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آیا،سینکڑوں نوجوانوں نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اور اس کے ساتھیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور لڑکی کے کپڑے پھاڑ دیئے، ٹک ٹاکر کو ہوا میں اچھالتے رہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس واقعہ کی متعدد ویڈیو موجود ہیں، تاہم صدیقہ نامی صارف نے ٹک ٹاکر لڑکی عائشہ اکرم کے ساتھ ہونے والے دل دہلا دینے والے واقعہ سے قبل کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹک ٹاکر کے ارد گرد شہریوں کا ہجوم ہے اور وہ اُس کے ساتھ سیلفی اور ویڈیو بنا رہے ہیں جبکہ کچھ ہلڑ بازی کر رہے ہیں تاہم ٹک ٹاکر کا ساتھی لڑکی کو بچا رہا ہے۔
خاتون کی درخواست پر 400 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے، جس کے بعد سے پولیس مجرموں کی تلاش میں مصروف ہے یہاں تک کہ عاشورہ کے فرائض کے باوجود پولیس مجرموں کی شناخت اور انہیں گرفتار کرنے کے لیے ویڈیو کلپس اور دستیاب سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کر رہی ہے۔