امریکہ نےاشرف غنی کو افغانستان سے لاتعلق قرار دیدیا

19 Aug, 2021 | 11:12 AM

ویب ڈیسک : اشرف غنی کو امریکہ نے افغانستان سے لاتعلق قرار دیدیا، امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن نے کہا ہے کہ اشرف غنی اب اہم نہیں رہے، ان کی افغانستان میں حیثیت ختم ہوچکی ہے۔

 امریکی نائب وزیر خا رجہ کا کہنا تھا کہ اشرف غنی نے افغانستان واپسی کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے متحدہ عرب امارات میں اشرف غنی کو پناہ ملنے پر تبصرے سے گریز کیا۔  

خیال رہے کہ اتوار کے روز اشرف غنی پرامن انتقال اقتدار کی بجائے خاموشی سے اپنے قریبی ساتھیوں کے ہمراہ افغانستان سے فرار ہوگئے تھے۔ بدھ کو انہوں نے ویڈیو پیغام جاری کرکے کہا کہ وہ کابل میں خونریزی نہیں چاہتے تھے اس لیے جلد بازی میں انہیں افغانستان سے نکلنا پڑا۔ اشرف غنی نے یہ بھی کہا کہ وہ افغانستان واپس آئیں گے۔ ان کے اسی بیان پر امریکہ کی جانب سے رد عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

دوسری جانب مفرور صدر اشرف غنی جب سے افغانستان سے فرار ہوئے تھے اس وقت سے پوری دنیا کے ذرائع ابلاغ کو تلاش تھی کہ وہ کہاں پر ہیں؟مفرور صدر کے متعلق تین دن قبل تک اطلاع تھی کہ وہ تاجکستان چلے گئے ہیں۔

مفرور صدر اشرف غنی نے متحدہ عرب امارات میں پناہ لی ہے۔ اس کی تصدیق یو اے ای کی وزارت خارجہ نے بھی کردی۔اشرف غنی کی گمشدگی کے دوران ان پر متعدد الزامات عائد کیے گئے مگر ان کی تردید یا تصدیق کرنے کے لیے وہ خود یا ان کا کوئی ترجمان موجود نہیں تھا۔اشرف غنی نے اب ازخود مختصر ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنا مؤقف واضح کردیا ہے۔ سوشل میڈیا کی اہمیت اس طرح ایک مرتبہ پھر اجاگر ہوگئی ہے۔

مزیدخبریں