ویب ڈیسک : واقعہ کربلا حق و باطل کا ایک ایسا معرکہ ہے جو ہر دور میں جاری رہا اور جاری رہے گا: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا یومِ عاشور پر پیغام
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سےیومِ عاشور کے موقع پر پیغام میں کہنا تھاکہ واقعہ کربلا حق و باطل کا ایک ایسا معرکہ ہے جو ہر دور میں جاری رہا اور جاری رہے گا،حسینیت یہی ہے کہ ہر دور کے یزید کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے اورامام حسین علیہ السلام دنیا بھر کے انسانوں کے لئے شجاعت کا ایک درس ہیں، حسینیت دراصل ایک عظیم مقصد کی خاطر مزاحمت کا دوسرا نام ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ یوم عاشور کا سبق یہی ہے کہ ہم نے اپنے کردار میں حسینی بن کر وقت کے یزیدوں کو للکارنا ہے، خاندانِ اہلبیت نے سرزمین کربلا پر ایسی قربانی دی کہ رہتی دنیا تک انسانیت اس واقعے کو فراموش نہیں کرسکتی۔ بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ صدیاں بیت گئیں مگر حضرت محمد صلی اللہ وعلیہ وسلم کے خانوادے کے مصائب کا دکھ آج بھی تروتازہ ہے،کربلا کا غم امام حسین علیہ السلام کے پیروکاروں کو کمزور نہیں کرتا بلکہ اس کی خوبی یہ ہے کہ یہ شجاعت پیدا کرتا ہے۔ امام حسین علیہ السلام نے ہمیں اپنے کردار سے سکھایا ہے کہ ظالم کے خلاف مزاحمت میں خواہ کتنی بڑی قربانی دینا پڑے، ہمیں اس سے دریغ نہیں کرنا چاہے۔
انہوں نے کہاکہ کربلا میں شیر خوار بچوں سے کڑیل جوانوں تک دنیا کے بہترین انسانوں نے شہادت کا جام پی کر انسانیت کو سرخرو کردیا، پاکستان پیپلز پارٹی فلسفہ حسینیت پر عمل کرتے ہوئے ہمیشہ وقت کے ظالموں سے ٹکرائی ہے اورکردارِ حسین علیہ السلام کی تقلید میں پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کیے ہیں،فلسفہ حسینیت ہی دراصل ہمارا منشور ہے اور مزاحمت کا عَلم تھام کر ہم اہلیان کربلا کی پیروی کرتے رہیں گے۔