بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم پیشرفت

19 Aug, 2020 | 04:43 PM

Sughra Afzal

(ریحان گل) بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم پیشرفت، محکمہ بلدیات نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی باضابطہ اجازت اور تاریخ طے کرنے کی سمری پنجاب حکومت کو بھجوا دی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور سمیت صوبے بھر میں نیا بلدیاتی نظام نافذ کیا جاچکا ہے، نئے بلدیاتی ایکٹ کے تحت فروری 2021ء سے قبل بلدیاتی انتخابات منعقد کرائے جانے ہیں۔

محکمہ بلدیات نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی سمری پنجاب حکومت کو بھجوا دی ہے،سمری میں انتخابات کے پہلے مرحلے کی تاریخ تجویز اور انعقاد کی باضابطہ اجازت طلب کی گئی ہے۔سمری کے مطابق نومبرکے وسط میں پہلے مرحلے کے الیکشن جبکہ دوسرے مرحلے کے الیکشن جنوری کے وسط میں کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔

پنجاب حکومت کی اجازت کے بعد الیکشن کمیشن سے حتمی تاریخ طے کی جائے گی، پہلے مرحلے میں نیبر ہڈ اور ویلج پنچایت کے انتخابات کرائےجائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں میٹروپولیٹن، میونسپل کارپوریشن اور تحصیل کی سطح کے انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے بلدیاتی ایکٹ 2019 کے تحت نیبرہڈ ویلج پنچایت کونسلزکی آبادی اور نشستوں کے تناسب کا فارمولا طے کیا گیا، نیبرہڈ کونسلز کی زیادہ سے زیادہ آبادی 45 ہزار جبکہ کم سے کم 6 ہزارتک ہوگی، ویلج پنچایت کونسلز کی زیادہ سے زیادہ آبادی 25 ہزار جبکہ کم سے کم آبادی 2 ہزار تک ہوگی، شہری علاقوں میں نیبرہڈ کونسلز جبکہ دیہی علاقوں میں ویلج پنچایت کونسلز تشکیل پائیں گی۔ 

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شناختی کارڈ کے حامل تمام افراد کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا، الیکشن کمیشن انتخابی فہرستوں کی حتمی اشاعت 4 اکتوبر کو کرے گا، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کی اشاعت کی تاریخ بھی تبدیل کر دی ،حلقہ بندیوں کی اشاعت 18 ستمبر کو ہوگی۔

مزیدخبریں