(مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں 24 گھنٹوں میں 617 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی اور 15 مریض جاں بحق ہوگئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 89 ہزار 832 تک جا پہنچی اور مجموعی اموات کی تعداد 6190 ہو گئی۔
کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 13 ہزار 633 ہے جب کہ اب تک 2 لاکھ 70 ہزار 9 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں، این سی اوسی کے مطابق سندھ میں 1 لاکھ 26 ہزار 425، پنجاب میں 95 ہزار 611 ، خیبرپختونخوا 35337، گلگت بلتستان 2538، بلوچستان میں 12321، آزاد کشمیرمیں کورونا کے 2199 کیسزسامنے آچکے ہیں۔
24 گھنٹوں میں 17 ہزار 612 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جبکہ اب تک مجموعی طور پر 23 لاکھ 17 ہزار 213 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ ملک بھر کے 735 ہسپتالوں میں کورونا کے 1 ہزار 275 مریض زیرعلاج ہیں، کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا تھا کہ عوام حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں، کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر شہری1033 پر رابطہ کریں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی شدت کم ہورہی ہے تاہم فی الحال شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو جاری رکھنا ہوگا تاکہ وبا مکمل طور پر ختم ہوسکے،شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔