سٹی42:شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ، موسم خوشگوار ہوگیا،ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں بھی کمی،شہریوں نے موسم خوشگوار ہونے پر سکھ کا سانس لیا،محکمہ موسمیات کےمطابق کل بھی شہر میں بارش کا امکان ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق بارش کا آج سے شروع ہونے والا سپیل جمعہ تک جاری رہے گا اس کے بعد مون سون کا اگلا سپیل شروع ہو گا جو پانچ روز تک جاری گا۔دریں اثناء پی ڈی ایم اے نے بھی الرٹ جاری کردیا۔ آج سے اور کل موسلادھار بارشوں کے باعث لاہور سمیت دیگر شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا گیا۔
لاہورمیں بھی جمعرات اور جمعہ کے روز اربن فلڈنگ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، لاہور سمیت دیگر شہروں میں بارش کے طویل دورانیے کی بارشیں ہوں گی، بارشوں سے ندی نالوں میں تغیانی کا خدشہ ہے۔ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ، واسا سمیت الائیڈ محکموں کو مطلوبہ مشینری کوقبل ازوقت آپریشنل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
دوسری جانب کیپٹن مبین شہید انڈر پاس کے بعد واسا نے زیر تعمیر فردوس مارکیٹ انڈر پاس کے لئے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی۔ بروقت انتظامات نہ ہوئے تو گلبرگ ایچ ، جے بلاک سی تھری اور پاشا گرائونڈ برساتی پانی سے ڈوب سکتا ہے، واسا نے ایل ڈی اے کو تنبیہ جاری کردی۔ واسا کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق حالیہ بارشوں میں بھی انڈر پاس کی زیر تعمیر بیرل ڈوب گئی تھی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ایل ڈی اے علاقے کو نکاسی آب کے حوالے سے مشکلات سے بچانے کیلئے اقدامات کرے، زیر تعمیر انڈر پاس کے لئے مزید پمپس اور نکاسی کا سسٹم بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ واسا حکام کا کہنا ہے کہ واسا زیر تعمیر پراجیکٹ پر نکاسی کے معاملات ٹھیک ہونے تک کسی قسم کی ذمہ داری نہیں لے گا۔