(سٹی42) مسلم لیگ(ن) کے رہنما میاں محمد حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھاندلی زدہ حکومت کو چلنے نہیں دیں گے، دھاندلی کا صرف( ن) لیگ نہیں باقی جماعتیں بھی کہہ رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون کے رہنما میاں محمد حمزہ شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بدترین ہارس ٹریڈنگ کی گئی، ہم آج بھاری دل سے اسمبلی میں جا رہے ہیں، ہم نے کالی پٹیاں ضرور باندھیں ہیں ہاتھوں میں چوڑیاں نہیں پہنیں۔ ہم آئینی کرداراداکریں گے کنٹینر پرچڑھ کرگالیاں نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کی گاڑی کو چلتے دیکھنا چاہتے ہیں، آج تک دستخط شدہ فارم 45 نہیں ملے،21 ارب خرچ کرکے آرٹی ایس سسٹم بنایا گیا، وہ بھی ٹھپ ہوگیا، الیکشن کا 21 ارب روپیہ عام آدمی کی جیب سے گیا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ ابھی توشروعات ہے جب بھید کھلیں گے توبات بہت دور تک جائے گی، یہ ایسے انتخابات ہیں جن میں جیت کا شور دب گیا، ہرطرف دھاندلی کے نعرے ہیں ۔ ایک ایسا میچ کھیلا گیا جس میں ایک کپتان آزاد، ایک پابند سلاسل تھا۔