سٹی42: دنیا کےعوام کو ایسٹر سے ایک دن پہلے ایسٹر کا خوبصورت گفٹ مل گیا۔
روس کے صدر ولادیمیرپیوٹن نے ایسٹر کے موقع پر یوکرین میں یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے، روس ہفتے کی شام 6 بجے سے اتوار کی شام تک یوکرین کے خلاف کوئی جنگی کارروائی نہیں کرے گا۔
صدر ویلادیمیر پیوٹن نے اپنی فورسز کو ہفتے کی شام 6 بجے سے اتوار کی شام تک تمام جنگی کارروائیاں روکنے کا حکم دیا ہے۔
صدر پیوٹن نے آرمی چیف ویلیری گیراسیموف سے کریملن میں اپنے آفس میں ملاقات کی اور انہیں ہدایت کی کہ انسانی بنیاد پر روس اپنے طور پر ایسٹر جنگ بندی کا اعلان کررہا ہے، اس دوران یوکرین میں موجود روسی افواج افواج اپنی جنگی سرگرمیاں نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یوکرین بھی اس مثال کی پیروی کرے گا لیکن اس دوران ہماری افواج دشمن کی جانب سے جنگ بندی کی ممکنہ خلاف ورزی اور اشتعال انگیزی سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں گی۔
روسی صدر نے اپنے آرمی چیف کو کہا کہ جنگ بندی کے دوران دشمن کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت کی گئی یا کوئی ایسا اقدام کیا گیا تو اس کا جواب دینے کے لیے ہماری فوج کو مکمل طور پر تیار رہیں۔