ویب ڈیسک: سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو نے ہر دیکھنے والے کو غمزدہ کر دیا ہے، جس میں ایک خاتون دریائے گنگا میں اس وقت ڈوب گئی جب وہ مبینہ طور پر ایک ریل ویڈیو بنا رہی تھی۔ یہ افسوسناک واقعہ 15 اپریل کو اُترکاشی کے مانیکرنیکا گھاٹ پر پیش آیا، جہاں خاتون اپنے اہل خانہ کے ساتھ سیر کے لیے گئی ہوئی تھی۔
وائرل ویڈیو، جو صرف 16 سیکنڈ پر مشتمل ہے، میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون تیز بہاؤ والے دریا میں بغیر کسی حفاظتی انتظام کے کھڑی ہے۔ وہ کیمرے کی طرف دیکھ کر پوز دے رہی تھی، کہ اچانک اس کا پاؤں پھسلااور وہ پانی کے تیز بہاؤ کی طرف چلی گئی۔
خاتون نے ہاتھ جو تیز ، تیز چلایا تاکہ کوئی اُس کی مدد کو پہنچے مگر کوئی بھی نہ پہنچ سکا، دلخراش لمحہ ویڈیو میں اس وقت آتا ہے جب ایک بچی نے چیختے ہوئے اپنی ماں کو آواز دی مگر پانی کی تیز لہروں نے خاتون کو اپنی آغوش میں لے لیا، واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر شیئر کی جارہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، فوری طور پر ریسکیو ٹیموں کو اطلاع دی گئی، مگر خاتون کو بروقت بچایا نہ جا سکا۔
ضلعی انتظامیہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو حساس مقامات پر محتاط رویہ اپنانے کی ضرورت ہے۔ جلد ہی علاقے میں سکیورٹی اور آگاہی کے اقدامات کو بہتر بنانے پر کام شروع کیا جائے گا۔