ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 میں کراچی کنگز کے فاسٹ بولر حسن علی نے ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے وہاب ریاض کا اہم ریکارڈ توڑ دیا۔
گزشتہ روز کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز ہی بنا سکی، یوں کراچی کنگز نے میچ 56 رنز سے جیت لیا۔
حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کارکردگی کے ساتھ ہی انہوں نے پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کا اعزاز حاصل کر لیا۔ انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز حسن نواز کو صرف ایک رن پر آؤٹ کر کے یہ سنگ میل عبور کیا۔
حسن علی نے پی ایس ایل کی 84 اننگز میں 116 وکٹیں حاصل کی ہیں، جبکہ اس سے قبل وہاب ریاض نے 87 اننگز میں 113 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ 30 سالہ حسن علی اس سیزن میں شاندار فارم میں ہیں اور اب تک 3 میچز میں 8 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔