ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

  کراچی ٹیررسٹ اٹیک، ابتدائی تحقیقات میں ہی حیران کن انکشافات 

Terrorist Attack Karachi, Fake Registration, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: کراچی میں  لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں پر دہشت گرد حملہ کی تحقیقات میں حیران کن انکشافات ہوئے ہیں۔ 
 حملہ میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کے مالک کی تلاش میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے ہیں۔
 محمود آباد ، اورنگی ٹائون اور سرجانی ٹائوں میں کارروائیاں کی گئیں اور موٹر سائیکل کے بظاہر مالک شخص کو حراست میں لے لیا گیا تو انکشاف ہوا کہ موٹر سائیکل کی رجسٹریشن غلط نام پر کی گئی۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ جس شہری کے نام پر موٹر سائیکل رجسٹرڈ ہے اسے حراست میں لے لیا گیا۔ تفتیش کے دوران اس شہری نے بتایا کہ اس نے کبھی موٹر سائیکل خریدی ہی نہیں۔ اس کے پاس یہ موٹر سائیکل کبھی نہیں رہی۔ پتہ چلا کہ کسی مجرمانہ گروہ نے  ایک شہری کے شناختی کارڈ  کو جعل سازی کے ذریعے موٹر سائیکل کی رجسٹریشن کے لئے ستعمال کیا۔ پولیس اس موٹر سائیکل کی رجسٹریشن کروانے والوں کے متعلق تحقیقات کر رہی ہے۔ 

لانڈھی کراچی میں غیر ملکی شہریوں کی گاڑی پر حملہ کرنے کے لئے خود کش بمبار نے موٹر سائیکل استعمال کی تھی اور موٹر سائیکل کو غیر ملکیوں کی گاڑی کے قریب لے جا کر دھماکہ کر دیا تھا۔  اس دھماکے میں موٹر سائیکل تباہ ہو گئی تاہم اس کی رجسٹریشن قابل شناخت رہ گئی تھی۔ اب پولیس اس موٹر سائیکل کو تفتیش کا محور بنائے ہوئے ہے۔  تاہم دیگر پہلؤں پر بھی وسیع پیمانہ پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔