ویب ڈیسک: خیبرپختونخواہ میں موسمیاتی حالات کے پیش نظر سیاحوں اورشہریوں کے لئے سفری ہدایات جاری کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان این ایچ اے نے موسمیاتی الرٹ کے بعد ملک کے بالائی حصوں میں طوفانی گردوباراں کے خطرے کا اظہار کر دیا۔ خیبر پختونخواہ میں مسافروں سے اپیل کی جاتی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان این ایچ اے کا کہنا ہے کہ ناگزیر سفر سے قبل موسمی حالات سے خود کو باخبر رکھیں اور حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا رہیں، موسمیاتی الرٹ کے بعد این ایچ اے حکام وعملہ متحرک ہے، اطلاعات کے مطابق ملک کے بالائی حصوں میں طوفانی گردوباراں کا خطرہ ہے، ملک کے بالائی، وسطی اور مغربی علاقے متاثر ہونے کے خطرات ہیں۔
ترجمان این ایچ اے نے کہا کہ وزیر مواصلات اسعد محمود نے پیش آمدہ خطرے سے نمٹنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات کر دی، سیکرٹری مواصلات وچئیرمین این ایچ اے کیپٹن ر خرم آغا متوقع صورتحال کے پیش نظر انتظامات کی نگرانی خود کر رہے ہیں، حساس مقامات پر مشینری اور عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، این ایچ اے کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران اپنے روڈ انفراسٹرکچر کو بحال رکھنے کے لئے ہر وقت مستعد ہے۔