ویب ڈیسک:گلوبل چیس لیگ نے اپنے لوگو کی رونمائی کردی، 64 مربعوں پر مشتمل شطرنج کے بورڈ سے ملتا جلتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لوگو کو پہلی بار جی سی ایل کے افتتاح سے 64 دن قبل اسٹریٹجک طور پر لانچ کیا گیا ہے یہ ایک ایسا نمبر ہے جو شطرنج کی دنیا میں مشہور ہے۔ جی سی ایل دنیا کا سب سے بڑا اور پہلا لیگ اسٹائل شطرنج ٹورنامنٹ ہے جو 21 جون 2023 سے 2 جولائی 2023 تک منعقد ہوگا۔
جی سی ایل کے پہلے ایڈیشن میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں سے ہر ٹیم میں 6 کھلاڑی ہوں گے، ہر ٹیم میں کم از کم 2 خواتین اور آئیکون کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا۔ پانچ مرتبہ کے عالمی شطرنج چیمپیئن اور جی سی ایل کے مینٹور وشوناتھن آنند نے کہاکہ جیسے ہم ٹورنامنٹ کے آغاز کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ ہمارے تمام منصوبے کامیاب ہورہے ہیں۔ جی سی ایل کا لوگو اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جو ہمارے پاس ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ مداحوں کو وہ تصور اور تھیم پسند آئے گی جو ہم نے یہاں بنایا ہے۔
وشوناتھن آنند نے مزید کہا کہ جی سی ایل کا بنیادی مقصد شطرنج کے کھیل کو عالمی سطح پر فروغ دینا اور اسے عوام کے لئے پرکشش بنانا ہے۔ ٹورنامنٹ کے تمام 6 بورڈز میں ہر ٹیم ریپڈ فارمیٹ میں 10 میچوں میں حصہ لے گی۔
ایف آئی ڈی ای کے سی ای او سوتوفسکی ایمل نے کہاکہ جی سی ایل کا مقصد شطرنج کو عالمی سطح پر کھیلنے، دیکھنے اور تصور کرنے کے طریقے کو تبدیل کرنا ہے۔ ہم افتتاحی سیزن سے صرف چند ہفتے دور ہیں اور ہم لیگ کا باضابطہ لوگو لانچ کرنے پر خوش ہیں. ایف آئی ڈی ای جون 2023 میں جی سی ایل کے ایک دلچسپ آغاز کا منتظر ہے۔
واضح رہے کہ راؤنڈ رابن فارمیٹ کے بعد سرفہرست دو ٹیمیں 2 جولائی 2023 کو فائنل میں پہنچیں گی اور فاتح ٹیم کو ورلڈ چیمپیئن فرنچائز ٹیم کا تاج پہنایا جائے گا۔
گلوبل شطرنج لیگ بورڈ کے چیئرپرسن جگدیش مترا نے کہا کہ جب ہم جی سی ایل کے پہلے ایڈیشن کی تیاری کررہے ہیں تو ہم باضابطہ برانڈ شناخت لانچ کرنے کے لئے پرجوش ہیں، جو بڑے پیمانے پر غور و خوض اور تعاون کے بعد تشکیل دیا گیا ہے۔