وزیراعلیٰ پنجاب  محسن نقوی کا  سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا دورہ

19 Apr, 2023 | 07:46 PM

Imran Fayyaz

(علی رامے)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا دورہ ، عیدالفطر کے موقع پر 61 قیدیوں کو رہا کیا ۔ محسن نقوی کی ذاتی کاوشوں سے عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن نے دیت اور جرمانو ں کی مد میں قیدیوں کے ذمہ واجب الادا11 کروڑ روپے ادا کئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں قیدیوں کی رہائی کیلئے تقریب میں شرکت کی۔ محسن نقوی نے رہا ہونے والے قیدیوں کو عیدی بھی دی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسیران کو رہائی کے بعد معاشرے کا مفید شہری بن کر دکھانا ہے۔باہر جا کر کسی سے لڑنا ہے نہ جھگڑنا ہے بلکہ ذمہ دار شہری کی حیثیت سے زندگی گزارنی ہے۔

محسن نقوی نے جیل ملازمین کیلئے پولیس شہداء پیکیج کی طرز پر خصوصی پیکیج دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ جیل ملازمین کی تنخواہوں کے پیکیج پر بھی نظرثانی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عید تعطیلات کے دوران قیدیوں کے ساتھ عزیز و اقارب کی ملاقاتوں میں مزید سہولت اور آسانی دی جائے گی۔

تقریب سے آئی جی جیل خانہ جات اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن بریگیڈیئر (ر) خالد بشیر نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او لاہور، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، آئی جی جیل خانہ جات، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔

مزیدخبریں