ویب ڈیسک: سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمرعطا بندیال کا کہنا ہے کہ آئین پاکستان کے تحت ہمارے قوانین ہمارے سیاسی ،سماجی اور معاشی اہداف کو پورا کرنے کے حوالے سے ہماری قسمت کا فیصلہ کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئین پاکستان کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر جسٹس عمرعطابندیال نےاسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ دیا۔ انہوں نے اپنے خط میں آئین پاکستان کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر پارلیمنٹ میں ہونے والی تقریب میں عدم شرکت کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا میں اپنی عدالتی مصروفیات کی وجہ سے حاضر نہیں ہو سکا۔
چیف جسٹس نے لکھا کہ نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں کہ پارلیمان ایسے اچھے قوانین تشکیل دے جو آئین پاکستان کے اعلی معیار پر پورے اتریں۔ میں اس خواہش کا بھی اظہار کرتا ہوں کہ یہ قوانین آئین کے مطابق قوم کی ترقی،خوشحالی اور امن میں رہنمائی بھی کریں۔
خط میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ آئین پارلیمنٹ کو ریاست میں قوانین وضع کرنے کا اختیار اور اہم ذمے داری تفویض کرتا ہے، آئین پاکستان کے تحت ہمارے قوانین ہمارے سیاسی ،سماجی اور معاشی اہداف کو پورا کرنے کے حوالے سے ہماری قسمت کا فیصلہ کرتے ہیں۔