ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے انتخابات کرانے سے معذوری کے بعد بحیثیت ادارہ الیکشن کمیشن برقرار رکھنے کا جواز ختم ہو جاتا ہے۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ممبران اور ذمے داران کی تنخواہیں فوری طور پر منجمد کر کے دفتر کو تالا لگا دیا جانا چاہیے تاکہ وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکے۔
الیکشن کمیشن کے انتخابات کرانے سے معذوری کے بعد بحیثیت ادارہ الیکشن کمیشن برقرار رکھنے کا جواز ختم ہو جاتا ہے،الیکشن کمیشن کے ممبران اور ذمہ داران کی تنخواہیں فوری طور پر منجمد کر کے دفتر کو تالہ لگا دیا جانا چاہئے تا کہ وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکے۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 19, 2023
واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں فنڈز کے حوالے سے رپورٹ جمع کراتے ہوئے کہا تھا کہ اگر 8 اکتوبر کی تاریخ پر عمل نہ کیا تو ملک میں انارکی کا خدشہ ہے۔ اپنے جواب میں الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ انتخابات کےلیے فنڈز اور امن و امان کےلیے فورس کی عدم فراہمی سے 14 مئی کو انتخاب ناممکن ہوتا جارہا ہے۔
اس میں یہ بھی کہا گیا کہ پنجاب میں سیکیورٹی کے لیے 4 لاکھ 66 ہزار اہلکار درکار ہیں۔ پاک آرمی، ایف سی، رینجرز کے لیے وفاق کو خط لکھا لیکن جواب نہیں دیا گیا۔