بلاول بھٹو کے حلف نہ اٹھانے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی 

19 Apr, 2022 | 04:39 PM

 ویب ڈیسک : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بطور وزیر خارجہ حلف اٹھانے کا مشروط فیصلہ کرلیا ، بلاول بھٹو اتحادیوں کو وزارتیں ملنے کے بعد وزارت کا حلف لیں گے۔

 رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹونوازشریف کو مبارکباد دینے لندن جارہے ہیں، بلاول بھٹو نواز شریف کو شہبازشریف کی وزارت عظمی کی مبارکباد دیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو کو وزارت خارجہ دینے کے حوالے سے پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں کوئی ڈیڈلاک نہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت میں بلاول بھٹو زرداری کی بطور وزیر خارجہ کابینہ میں شمولیت کے معاملے پر تقسیم ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ پیپلز پارٹی رہنما اور سابق  صدر آصف زرداری بلاول بھٹو کو وزارت خارجہ کا قلمدان اس لئے بھی  سونپنے کے خواہش مند ہیں کیونکہ ان کے نانا ذوالفقارعلی بھٹو پہلے وزیر خارجہ رہے اور پھروزیراعظم بنے جبکہ  والدہ بے نظیر بھٹو شہید کی عالمی برادری میں نہ صرف وزیراعظم پاکستان کے طور پر شناخت تھی بلکہ انہیں خارجہ امور کی عالمی مدبر بھی مانا جاتاہے۔ 

 تاہم کچھ پارٹی ر ہنماؤں اور ورکرز کا خیال ہے کہ  چئیر مین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو شہباز شریف کی زیرقیادت کابینہ میں بطور وزیر خارجہ کام نہیں کرنا چاہئیے کیونکہ وہ پاکستان کی سب سےبڑی اور پرانی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں اس سے ان کی حیثیت متاثر ہوگی۔اور پارٹی کے نوجوان کارکن جن کے بلاول آئیڈیل ہیں انہیں اپنی حریف پارٹی کے سربراہ کے نیچے کام کرتے دیکھ کر برداشت نہیں کریںگے۔  جبکہ آئندہ انتخابات  کی تیاری کے حوالے سے پارٹی امور پربھی توجہ مرتکز نہیں کرسکیں گے جس کا پیپلزپارٹی کو نقصان ہوسکتا ہے۔

مزیدخبریں