سفارتی پاسپورٹ نواز شریف کا حق، جاری کیا جائےگا، رانا ثنا اللہ

19 Apr, 2022 | 04:04 PM

  ویب ڈیسک : وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سفارتی پاسپورٹ نواز شریف کا حق ہے اور انہیں جاری کیا جائے گا۔ 

رانا ثناء اللہ نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی سکیورٹی کے معاملات پر بریفنگ لینا ہے پھر مربوط پالیسی بنائیں گے، مجھ پر منشیات کے جھوٹے مقدمات بنائے گئے انکی تحقیقات کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہر ایک کو اپنی بات کرنے کی آزادی ہے مگر دوسرے کی آزادی کا خیال رکھنا ہوگا، جہاں دوسرے کی آزادی شروع ہوتی ہے وہاں ہمیں ریگولیٹ کرنا ہوگا، سوشل میڈیا پر پابندیاں نہیں لگائیں گے بلکہ اسے ریگولیٹ کریں گے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پرعمران خان کوفول پروف سکیورٹی دی جا چکی ہے، عمران خان کی زندگی کو خطرے کے حوالے سے ہمارے پاس کوئی انٹیلیجنس اطلاعات نہیں۔

عمران خان کے خلاف کوئی مقدمہ بنانے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  کسی قسم کی کوئی انتقامی کارروائی نہیں کریں گے، سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار نہیں کیا جائے گا، میں عمران خان نہیں کہ کسی کا نام لے کر کہیں اس کو پکڑوں گا اور نہیں چھوڑوں گا، اگر عمران خان کیخلاف بدعنوانی کا کوئی کیس آیا تو پہلے اسکی تحقیقات کی جائیں گی، کیس بنے گا تو پھر فیصلہ کریں گے کیا کرنا ہے، راولپنڈی رنگ روڈ میں کچھ شکایات آئی ہیں،بڑے عطیات اور چیک دیئے گئے جس کی انکوائری ضرور ہوگی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اداروں کی تذلیل نہیں ہونی چاہیے، ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ہم اداروں کو سپورٹ کریں گے، ایف آئی اے سمیت تمام اداروں میں اصلاحات ضرور لائیں گے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سفارتی پاسپورٹ سابق وزیراعظم نواز شریف کا حق ہے اور انہیں جاری کیا جائے گا، افسوس کا مقام ہے کہ تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے شخص کو ملکی شہریت سے محروم کیا جارہا ہے۔

مزیدخبریں