درجہ چہارم کے سرکاری ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ

19 Apr, 2022 | 03:46 PM

M .SAJID .KHAN

(جنید ریاض)سینکڑوں سرکاری سکولوں میں سیاسی طور پر بھرتی ہوئے درجہ چہارم کے ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے کلاس فور ملازمین کو تنخواہیں بھی جاری نہیں کیں، ملازمین نے موجودہ حکومت سے تنخواہوں کی ادائیگی کے ساتھ مستقلی کا مطالبہ بھی کردیا۔

تفصیلات کےمطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کی نااہلی کے باعث سینکڑوں کلاس فور ملازمین کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے بجٹ کی کمی کے باعث ملازمین کو جنوری سے اب تک ایک بھی تنخواہ جاری نہیں کی،مذکورہ ملازمین کو رواں سال جنوری میں بھرتی کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ تمام درجہ چہارم کے ملازمین کی بھرتی سیاسی بنیادوں پر کی گئی تھی۔پنجاب ٹیچرز یونین کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے ملازمین کو بروقت تنخواہیں جاری نہ کرنا ناانصافی ہے۔

تنخواہیں فی الفور جاری کی جائیں بصورت دیگر ملازمین احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ایجوکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ محکمانہ پروسیجر کے بعد کلاس فور ملازمین کو جلد تنخواہیں جاری کردی جائیں گی ۔

مزیدخبریں