کالعدم جماعت کا احتجاج روکنے کیلئے پولیس کی حکمت عملی تیار

19 Apr, 2021 | 11:45 PM

M .SAJID .KHAN

(عرفان ملک)مذہبی جماعت کی جانب سے لانگ مارچ کی کال کا معاملہ،لاہور پولیس نے لانگ مارچ روکنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی،پولیس نے بس اڈوں سے شورٹی بانڈز حاصل کرنا شروع کر دیئے۔ تمام بس اڈوں کو احتجاج کے لیے ٹرانسپورٹ دینے سے روک دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق کالعدم جماعت کی جانب سے 20 اپریل کو احتجاج کی کال دی گئی ہے، جس کو روکنے کے لئےپولیس نے جہاں ایک جانب راستے روکنے کے انتظامات کر رکھے ہیں، وہیں دوسری جانب مظاہرین کو روکنے کے لئےٹرانسپورٹ پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں، تاکہ مظاہرین احتجاج کے لیےاسلام آباد نہ پہنچ سکیں۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ شہر کے تمام بس اڈوں کی انتظامیہ سے شورٹی بانڈ حاصل کیے جا رہے ہیں کہ وہ کالعدم جماعت کے کارکنوں کو ٹرانسپورٹ فراہم نہیں کریں گے اور اگر ایسا کیا گیا تو اس ٹرانسپورٹر کے اڈے کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔

علاوہ ازیں محکمہ داخلہ نے کالعدم تحریک لبیک کے ایک سو رہنماؤں کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کر لئے ۔محکمہ داخلہ نے کالعدم تحریک لبیک کے مزید چار سو رہنماؤں اور سرگرم کارکنوں کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کے لئے فہرست تیار کر لی ہے۔ تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اضلاع میں سرگرم کالعدم تحریک لبیک کے قائدین کے نام محکمہ داخلہ کو ارسال کر دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیکٹا نے محکمہ داخلہ سے فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کے لئےمزید نام مانگے ہیں۔

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا تحریک لبیک پاکستان کے مرکز جامعہ مسجد رحمت اللعالمین کا دورہ کیا۔ امیرجماعت اور وفد نے ٹی ایل پی کی مرکزی قیادت سے ملاقات کی,سینٹر سراج الحق نے ٹی ایل پی کو یقین دہانی کروائی کہ تحفظ ناموس رسالت کے مسئلہ پر جماعت اسلامی مکمل طور پر آپ کے ساتھ ہے۔ تحفظ ناموس رسالت پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

مزیدخبریں