(ویب ڈیسک)حال ہی میں بھارت کی تامل فلم انڈسٹری کے معروف اداکار وویک دل کا دور پڑنے کی وجہ سے چل بسے تھے، سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ بالی ووڈ اداکار وویک اوبرائے عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ غلط فہمی نام کی مماثلت کی وجہ سے ہوئی تھی اوربالی ووڈ اداکار وویک اوبرائے نے سوشل میڈیا پر زیرِ گردش اپنی موت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’ چنائے کے ہسپتال میں میرے داخل ہونے کی خبریں بالکل جھوٹی ہیں۔
ٹوئٹر پیغام میں بالی ووڈ اداکار نے کہاکہ میں یہاں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں ممبئی میں اپنی فیملی کے ہمراہ بالکل صحتمند اور محفوظ ہوں۔انہوں نے کہا کہ تامل اداکار وویک کی اچانک موت کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا اور میں اس موقع پر اداکار کی فیملی سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔واضح رہے کہ دو روز قبل بھارتی تامل فلم انڈسٹری کے اداکار وویک 59 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے چل بسے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تامل اداکار وویک کو جمعے کو دل کا دورہ پڑا تھا انہیں چنائے کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔