(وقاص احمد) پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس نے لاہور سمیت پنجاب بھر کے 461 ہیڈ کانسٹیبلز کی اے ایس آئی کے عہدے پر ترقی کنفرم کردی۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے پنجاب ہائی وے پٹرول کے 461 اے ایس آئیز کو کنفرم کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا ہے کہ کنفرمیشن ملنے سے اے ایس آئیز کا مورال اور حوصلہ مزید بلند ہو گا ۔ کنفرم ہونے والے ان اے ایس آئیز کو مستقبل میں سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے اے ایس آئیز کو ہدایت کی کہ پہلے سے زیادہ محنت اور فرض شناسی سے کام کریں،شاہراہوں سے جرائم کے خاتمے کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے خلاف اقدامات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول محمد افضال نذیر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر سے 461 ہیڈ کانسٹیبلز کی اے ایس آئی کے عہدے پر ترقی کنفرم کی گئی ہے، ترقی پانے والوں کو نیا محکمانہ سروس نمبر بھی الاٹ کر دیا گیا ہے،ترقی کنفرم ہونے کا سال 2013 اور 2015 ہے۔ محکمانہ ترقی نہ ملنے پر متعدد اہلکاروں نے سپریم کورٹ میں رٹ دائر کی تھی۔ عدالتی حکم پر آئی جی آفس نے پنجاب ہائی وے پٹرول کے ہیڈ کانسٹیبلز کو ترقی دینے کا حکم دیا تھا۔