سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کل سے شروع ہونگے

19 Apr, 2020 | 03:11 PM

Sughra Afzal

(حافظ شہباز علی) پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے آن فزیکل فٹنس ٹیسٹ کل سے شروع ہونگے، چیف سلیکٹر و ہیڈکوچ مصباح الحق کہتے ہیں کہ فٹنس ٹیسٹ کا مقصد کھلاڑیوں کو متحرک رکھنا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے ویڈیو لنک فزیکل فٹنس ٹیسٹ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، قومی ٹیم کے کنڈیشنگ اینڈ سٹرینتھ کوچ یاسر ملک فٹنس ٹیسٹ کی نگرانی کریں گے، چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق کیساتھ مشاورت سے تمام کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کا پلان بھجوا دیا گیا ہے،فزیکل فٹنس ٹیسٹ سال کی پانچویں فٹنس ٹیسٹنگ ہے ،یویو ٹیسٹ کا معیار 18 رکھا گیا ہے۔

ذرائع کے  مطابق لاننگ رننگ ، جم اور سکن فولڈ ٹیسٹ فزیکل فٹنس ٹیسٹ بیٹری میں شامل نہیں کئے گئے ،یہ فزیکل فٹنس ٹیسٹ کھلاڑیوں کی سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ ہیں ،جون کے پہلے ہفتے میں کھلاڑیوں کے دوبارہ فٹنس ٹیسٹ ہوں گے ،جون میں حالات نارمل ہونے پر جم ، لاننگ رننگ اور سکن فولڈ بھی فزیکل فٹنس ٹیسٹ کا حصہ ہوں گے۔

طریقہ کار کے مطابق بیک وقت 6 کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لئے جائیں گے، جن کھلاڑیوں کے پاس سہولیات کا فقدان ہے، ان کو یویو ٹیسٹ کی چھوٹ دی جائے گی۔

دوسری جانب صوبائی کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ آخری مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں، کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل ہونے پر ان کی رپورٹ تیار کرکے چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق کو بھجوادی جائے گی، جس کی روشنی میں مستقبل کالائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو لنک ٹیسٹ کا مقصد کھلاڑیوں کو متحرک رکھنا ہے، خواہش ہےحالات نارمل ہوں تو کھلاڑی مکمل فٹ ہوں، کچھ کھلاڑیوں نے پہلے درخواست کی تھی، ان کے ٹیسٹ جاری ہیں، مجھے یقین ہے کہ حالات جلد دوبارہ سے نارمل ہوں گے اور یہ کرکٹرز جب میدان میں اتریں گے تو انہیں اپنی فٹنس کی وجہ سے پرفارم کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

مزیدخبریں