چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا انصاف کی بروقت فراہمی کیلئے بڑا فیصلہ

19 Apr, 2020 | 02:22 PM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) کورونا لاک ڈؤان میں نرمی، بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں کل 20 اپریل سے ججز اور مقدمات کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں کل بیس اپریل سے فوجداری، دیوانی سمیت دیگر ضروری نوعیت کے کیسزکی سماعت بھی ہوگی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے زیر سماعت کیسز بڑھانے کا فیصلہ کیا، جبکہ سماعت کے دوران کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کا خیال رکھا جائےگا، وکلاء اور سائلین کے لیے ماسک، سینی ٹائزر کا استعمال اور سماجی فاصلے کی احتیاط پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سمیت پندرہ سے زائد ججز  مقدمات کی سماعت کریں گے، چیف جسٹس محمد قاسم خان ارجنٹ اور ریگولر کیس کی سماعت کریں گے، جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عاطر محمود، جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس چوہدری مسعود جہانگیرشامل ہیں۔

جسٹس جواد حسن ڈویژن بنچ اور سنگل بنچ میں بھی مقدمات کی سماعت کریں گے، مقدمات کی سماعت کرنے والوں میں جسٹس سید شہباز رضوی، جسٹس مسعود عابد نقوی، جسٹس سرداراحمد نعیم، جسٹس اسجد جاوید گھرال، جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس فاروق حیدر شامل ہیں، لاہور ہائیکورٹ نے بیس اپریل کے لیے مقدمات کی پیشی فہرست جاری کردی۔

واضح رہےکہ  گزشتہ روز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ  محمد قاسم خان نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران انصاف کی بروقت فراہمی اور وکلاء کی مشکلات کو کم کرنے  کیلئے تمام ارجنٹ نوعیت کے کیسز پرنسپل، سیٹ اور علاقائی بنچز میں لگانے کی منظوری دی تھی۔

یادرہےکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب سے کورونا وائرس کے مزید 94 کیس سامنے آگئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 3504 ہو گئی،  پنجاب کے شہروں میں سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 582 کنفرم مریض ہیں، کورونا وائرس سے اب تک 41 اموات ہو چکی ہیں جبکہ 684 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں،کورونا وائرس میں مبتلا 18 مریضوں کی حالت  تشویشناک ہے۔

مزیدخبریں