سراج الحق نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بڑی اپیل کردی

19 Apr, 2020 | 01:42 PM

Sughra Afzal

(راؤ دلشاد حسین) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ اس مشکل وقت میں سیاسی قیادت کو ایک پیج پر ہونا چاہیے لیکن بدقسمتی سے وفاقی اور سندھ حکومت کے مابین محاز آرائی دیکھی جارہی ہے۔

منصورہ میں جماعت اسلامی کی ذیلی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام کورونا وائرس سپرے مشینیں تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے رضاکاروں میں سپرےمشینیں تقسیم کیں، اس موقع پر  سراج الحق  کا کہنا تھا کہ بدقسمتی ہےجب سیاسی قیادت کو ایک پیج پر ہونا چاہیے تھا ایسے میں وفاقی اور سندھ حکومت کے مابین محاز آرائی دیکھی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ وہ دن ضرور آئے گا جب کرپشن، غربت، نفرت اور بیماریوں سے پاک پاکستان بنےگا، رضا کار پہلے غریب آبادیوں اور جھونپڑیوں میں سپرے کا عمل مکمل کریں، غریبوں کا خیال رکھنا مذہبی فریضہ ہے جو یہ کام کرے گا اسکی آخرت بہتر ہوگی۔

امیر جماعت اسلامی نےکہاکہ حکومت بارہ ہزار ان کو ہی دے رہی جن کا نام بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ  ہے جبکہ انتہائی غریبوں کو یہ پیکج نہیں مل رہا، غریب افراد کے لیے سرکار کے دروازے بند ہیں، حکومت صرف ایک ہی کام کررہی ہے وہ میڈیا پر پراپیگنڈا ہے، سرکار کو غریبوں کا سوچنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی آرمی نے کورونا وائرس کو بھی مسلمانوں کے خلاف استعمال کرنا شروع کردیا، کشمیر میں لاک ڈاؤن کو آٹھ ماہ ہوگئے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اپیل کرتا ہوں کہ اسپیشل وفد کو کشمیر میں بھیجیں جو حقائق سے پردہ اٹھائے، او آئی سی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کی بھی ذمہ داری ہے کہ کشمیر کی صورتحال کا بغور جائزہ لیں۔

سراج الحق نےکہاکہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ہمارے ہیروز ہیں لیکن حکومت نے ان کا مسئلہ حل کرنے کے بجائے ان پر لاٹھی چارج کیا ، جس سے حکومت کی ترجیحات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، بیرون ممالک سے آنے والے پاکستانیوں کو رسوا کیا جارہاہے جو قابل مذمت ہے۔

مزیدخبریں