ماضی کی حکومتوں نے عوام کو خالی نعروں سے بہلایا :وزیراعلیٰ پنجاب

19 Apr, 2020 | 10:08 AM

Sughra Afzal

مال روڈ(زاہد چودھری، جمال الدین جمالی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ اپوزیشن نے مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کی بجائے انہیں تقسیم کرنے کی کوشش کی،ماضی کی حکومتوں نے عوام کو خالی نعروں سے بہلایا۔ اپوزیشن جماعتیں اب بھی صرف زبانی جمع خرچ کر رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیر اعلیٰ آفس میں ارکان صوبائی اسمبلی محمد مامون تارڑاور نذیر احمد چوہان نے ملاقات کی،وزیر اعلیٰ  پنجاب نے منتخب نمائندوں کو اپنے علاقوں اورحلقوں میں کوروناکے خاتمے کیلئے انسداد کورونا کے اقدامات کیلئے موثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت دکھی انسانیت کے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے ، تحریک انصاف کی قیادت غریب عوام کا درد سمجھتی ہے،  تحریک انصاف کی قیادت کورونا کے مسئلے پرعوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے، کل بھی عوام کے ساتھ تھے، آج بھی ساتھ ہیں اور آئندہ بھی ساتھ رہیں گے۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بدقسمتی سے کورونا پر اپوزیشن نے سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کی ، اپوزیشن جماعتوں نے مشکل حالات میں عوام کو تنہا چھوڑا ، اپوزیشن جان لے کہ محض بیان بازی سے عوام کی خدمت نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کمزور طبقے کو ریلیف دینے کیلئے مالی امداد کا سب سے بڑا پروگرام کامیابی سے جاری ہے ،اب تک لاکھوں ضرورت مند خاندانوں کو انتہائی شفائی انداز سے 12 ہزار روپے کی مالی امداد دی جا چکی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں مالی امداد کا ایسا شفاف اور تیز ترین پروگرام کبھی شروع نہیں کیا گیا۔ تحریک انصاف کی پوری قیادت مشکل کی گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدارنے معروف بزنس مین و انڈس موٹر کمپنی کے سربراہ علی سلیمان حبیب کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے علی سلیمان حبیب مرحوم کی کاروباری شعبہ میں گرانقدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم علی سلیمان حبیب بزنس کمیونٹی میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے دعا کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے

مزیدخبریں