لاہور پولیس نے دفعہ144 کے تحت کارروائیاں روک دیں

19 Apr, 2020 | 08:41 AM

Sughra Afzal

لوئر مال (عرفان ملک) حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے نوٹیفکیشن کا معاملہ، نوٹیفکیشن میں ابہام ہونے پر لاہور پولیس نے دفعہ144 کے تحت کارروائیاں روک دیں۔

حکومت کی جانب سے 24 مارچ کو دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جس کا دورانیہ 14 اپریل تک تھا، اس دوران پولیس دفعہ 144 کی خلاف ورزیوں پرکارروائیاں کررہی تھی، 15 اپریل کو حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا نیا نوٹیفکیشن جاری کیا لیکن دفعہ 144 کا دورانیہ بڑھا نے کا کسی جگہ ذکر نہیں ہوا، جس سے پولیس قانونی کارروائی کرنے کا اختیار کھوبیٹھی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کی تاریخ ہی نہیں بڑھائی گئی تھی، پولیس اب صرف وارننگ دے کر شہریوں کو غیر ضروری سفراور دکانیں کھولنے سے روک رہی ہےجبکہ ڈی آئی جی آفس کی جانب سے تمام ایس ایچ اوز کو 144 کے تحت کارروائی سے روک دیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا کے وار جاری ہیں، پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 94 کیس  سامنے آنے کے بعد مریضوں کی  تعداد 3504 ہوگئی،701 زائرین سنٹرز، 1374 رائیونڈ سے منسلک افراد، 91 قیدیوں،1338 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق  لاہور میں  کورونا کے  582 کنفرم مریض ہیں،  15 مارچ سے اب تک  لاہور میں 18 افراد جان کی بازی ہارگئے، پنجاب میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد41 تک پہنچ گئی۔صوبے میں 684 کورونا سے متاثرہ مریض صحتیاب ہو گئے، لاہور میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 206 ہوگئی۔

پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں  25 اپریل تک توسیع کردی، لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 27 واں روز ہے،  تمام  شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز،  سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، ؂پبلک ٹرانسپورٹ ،ریلوے کا پہیہ جام ہے،کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں۔

مزیدخبریں