’’کورونا وائرس کے پھیلاؤ  کی وجہ سے غریب، مزدور طبقہ زیادہ متاثر ہوا ہے‘‘

19 Apr, 2020 | 08:31 AM

Shazia Bashir

لاہور(سپیشل رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ  کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال سے غریب نادار، دیہاڑی دار، مزدور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ لاہور پولیس مصیبت کی اس گھڑی میں دیگر محکموں کی طرح ایسے مستحق افراد کی امداداور دل جوئی میں پیش پیش ہے اور مالی طور پر غیر مستحکم اور متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔غیر معمولی حالات سے متاثر بے روزگار، غریب مستحقین کی امداد ہمارا اولین فریضہ ہے۔

تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے کہا کہ لاہور پولیس کے کانسٹیبل سے لے کر اعلیٰ افسران تک تمام ملازمین نے پولیس ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات جمع کروائے ہیں, انہوں نے بتایا کہ لاہور پولیس کی طرف سے پولیس ریلیف فنڈ میں اب تک تقریباََ02 کروڑ 15لاکھ روپے سے زائد کی خطیررقم اکٹھی کی گئی ہے۔

رائے بابر سعید نے بتایا کہ لاہورپولیس کے افسران اور جوانوں کی طرف سے جمع کروائی گئی اس رقم سے اب تک07ہزار 06سو سے زائد راشن بیگز مستحق خاندانوں میں تقسیم کئے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کی طرف سے راشن بیگز کی تقسیم کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔

راشن بیگز تھانہ فیکٹری ایریا، شاہدرہ، مصری شاہ، شفیق آباد، چوہنگ، نشتر کالونی، ساندہ، شیراکوٹ، ہنجروال، نواں کوٹ، جنوبی چھاؤنی،کاہنہ، کوٹ لکھپت، لیاقت آباد، گرین ٹاؤن، سبزہ زار، ملت پارک، قلعہ گجر سنگھ، بادامی باغ، باغبانپورہ اور تھانہ ہربنس پورہ کے علاقوں کے رہائشی دیہاڑی دار، غریب اور مزدور خاندانوں میں گھر گھر جا کر تقسیم کئے گئے ہیں۔

لاہور پولیس کی طرف سے رکشہ چلانے والے افراد میں بھی راشن تقسیم کیا گیا۔شہریوں میں تقسیم کئے جانے والے راشن بیگز میں آٹا، چاول، گھی، دالیں،صابن، چائے کی پتی و دیگر کھانے پینے کی اشیاء شامل ہیں۔پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں مزید راشن بیگز کی تیاری کا عمل جاری ہے۔

مزیدخبریں