( زین مدنی ) لالی وڈ انڈسٹری کے نامور اور لیجنڈ اداکار محمد علی کی آج 89 ویں سالگرہ منائی جائے گی، محمد علی آج بھی مداحوں کے دلوں میں بستے ہیں۔
مخصوص لب ولہجہ، دراز قد شخصیت اور بارعب آواز کے مالک محمد علی کے مداح آج ان کی 89 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ 19 اپریل 1931 میں کو رام پور میں پیدا ہونے والے اداکار محمد علی نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1956 میں ریڈیو پاکستان سے کیا جبکہ انکی پہلی فلم چراغ جلتا رہا 1962 میں سینما گھروں کی زینت بنی۔
اپنے فلمی کیریئر میں محمد علی نے سینکڑوں اردو، پنجابی اور پشتو فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ محمد علی کو پرائیڈ آف پرفارمنس اور تمغہ امتیاز سمیت کئی ایوارڈز بھی دیے گئے۔
شبنم، شمیم آرا، دیبا اور زیبا سمیت کئی اداکاراں کے ساتھ فلمی جوڑیاں بنیں۔ 1966 میں زیبا بیگم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے اور یہ جوڑی 2006 میں انکی موت تک قائم رہی۔
محمد علی نے اداکاری چھوڑ کر زندگی خدمت خلق کیلئے وقف کر دی اور علی زیب فاونڈیشن کے نام سے فلاحی تنظیم قائم کی، جو آج بھی فلا حی کاموں میں مصروف عمل ہے جبکہ محمد علی مرحوم آج بھی مداحوں کے دلوں میں بستے ہیں۔