(عمر اسلم) قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزراء کی تبدیلی سے عمران خان معاشی تباہی کی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتے، عمران خان ضد، انا اور تکبر کو چھوڑ کر معیشت کو ترجیح دیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے وزیر خزانہ اسد عمر کے وزارت چھوڑنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ عمران خان کو پہلے دن میثاق معیشت کی پر خلوص پیشکش کی تھی اور وقت ضائع نہ کیا جاتا تو ملک کو موجودہ معاشی تباہی کا سامنا نہ کرنا پڑتا، قوم کا وقت ضائع کیا گیا تو ملک و قوم کو معاشی اقتصادی لحاظ سے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی اپنی نالائقی اور نااہلی پر مستعفیٰ ہوجائیں، وزیراعظم اور ان کی ٹیم کھلنڈروں اور نالائقوں کا ٹولہ ہے، اپوزیشن کو رگڑا لگانے کے چکر میں وزیراعظم نے ملکی معیشت اور عوام کا رگڑا نکال دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی بدلنے سے معاشی میچ نہیں جیتا جا سکتا، کپتان بدلنا پڑے گا، اسد عمر کا استعفیٰ عمران خان صاحب کی اپنی نالائقی کا اعتراف ہے، اسد عمر تمام اقدامات عمران خان نیازی کو اعتماد میں لے کرتے ہیں۔