لبنان میں حزب اللہ کے کارکنوں کے جنازوں میں واکی ٹاکی بم حملے، تین مزید اموات،سو زخمی

18 Sep, 2024 | 08:03 PM

سٹی42: لبنان میں حزب اللہ کے کل پیجر دھماکوں میں مرنے والے کارکنوں کے جنازوں میں  واکی ٹاکی کے دھماکے ہو گئے۔ آج بدھ  کے روز ہونے والے واکی ٹاکی دھماکوں میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ بعد میں آنے والی اطلاعات کے مطابق آج ہونے والے دھماکوں میں حزب اللہ کے کارکنوں کے زیر استعمال واکی تاکی سیٹ اچانک دھماکے سے پھٹ گئے، ان دھماکوں میں مزید 3 افراد  مارے گئے جبکہ  100 زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی ذرائع نے یہ اطلاع شیئر کی ہے کہ لبنان میں بدھ کو ہونے والے نئے دھماکوں میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق حالیہ دھماکے گزشتہ روز پیجر دھماکوں میں جاں بحق افراد کے جنازوں کے دوران ہوئے۔

حزب اللہ سے وابستہ کارکنوں کے  کئی گھروں میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، ان دھماکوں کے نتیجے میں گھروں اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

لبنان کے سرکاری میڈیا نے دھماکوں میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے  جبکہ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق دھماکوں کے نتیجے میں 100 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعت ہیں۔

مزید اطلاعات کے سامنے آنے پر ہم آپ کو مزید تفصیلات بتاتے رہیں گے۔

مزیدخبریں