انسداد ڈینگی مہم میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی:خواجہ سلمان رفیق 

18 Sep, 2024 | 11:55 AM

(زاہد چودھری) صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت انسداد ڈینگی  سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس کے دوران راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں ڈینگی کے بڑھتے کیسز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزراء صحت نے ڈی جی ہیلتھ آفس میں ڈینگی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کرنے کا حکم دیدیا۔

صوبائی وزراء صحت نے الائیڈ محکموں کی کارکردگی پر اظہار برہمی کر تے ہوئے ڈائریکٹر ڈاکٹر یداللہ کی سربراہی میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کردیا۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر ڈینگی کی صورتحال کا تجزیہ کرکے روزانہ وزراء صحت کو رپورٹ پیش کرنے کا پابند ہوگا۔

 اجلاس کے دوران صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ سنٹر نجی ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کی ٹریننگ کروانے کا پابند ہوگا۔ڈینگی کنٹرول سنٹر صبح 9  سے شام 6 بجے تک کام کرے گا۔ الائیڈ محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان ڈینگی اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔تمام الائیڈ محکمہ جات کے سیکرٹریز راولپنڈی کا دورہ کرکے انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو خود مانیٹر کریں۔ 

خواجہ سلمان رفیق نے  کہا کہ آئندہ دو ماہ نہایت اہم ہیں، محکموں کے سربراہان خود فیلڈ میں متحرک رہیں۔ راولپنڈی کے پوٹھوہار ٹاؤن، کنٹونمنٹ، راولپنڈی اور اسلام آباد کے ملحقہ علاقوں میں موئثر روابط بڑھائے جائیں۔ لوکل گورنمنٹ اور محکمہ زراعت تھرڈ پارٹی ویلی ڈیشن کروائیں۔  ان کا کہنا تھا کہ انسداد ڈینگی کی کارروائیوں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں کے پیش نظر انڈور اور آؤٹ ڈور ویکٹر سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ سکولوں میں بچوں کے لئے روزانہ ڈینگی پیریڈ منعقد کروائے جائیں۔ضلعی حدود میں کباڑ خانوں اور قبرستانوں میں خصوصی سرویلنس کروائی جائے۔ خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ آئندہ چند دنوں میں چیف سیکرٹری کے ساتھ دربار ہال میں ڈینگی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ 

اجلاس میں ڈی جی ہیلتھ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل، ٹیکنیکل ایکسپرٹس، چیئرمین ڈیاگ اور پی آئی ٹی بی کے نمائندے موجود تھے جبکہ پروفیسر وسیم اکرم اور سی ای او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر ارباب نیازی نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ 
 
 
 

مزیدخبریں