محکمہ موسمیات کی اہم پیش گو ئی

18 Sep, 2023 | 09:06 AM

ویب ڈیسک : مون سون سسٹم داخل ہونے کے باعث کراچی میں 18 سے 20 ستمبر تک معتدل شدت کی بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان بڑھنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے جبکہ جنوب مغرب اور مغرب سے 18 سے 27 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی سمیت حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ، تھر پارکر، مٹھی، عمرکوٹ، میر پورخاص، ٹھٹہ،  بدین اور سجاول میں بھی بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج ٹنڈوباگو، تلہار، گولاڑچی اور بدین سمیت گرد و نواح میں موسلادھاربارش کی بھی پیش گوئی کی ہے، اس کے علاوہ زیریں سندھ کے بعض مقامات پر بھی موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہےجبکہ  پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، مشرقی بلوچستان میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

بلوچستان میں کہیں شدید گرمی، کہیں موسم سرد اور کہیں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری، زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت 11.2 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے بلوچستان میں تیزآندھی اور موسلادھار بارش سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے آج رات شمال مشرقی اور جنوبی بلوچستان میں آندھی اور موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق موسیٰ خیل، بارکھان، شیرانی، ڈیرہ بگٹی اور دھناسر میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ڈیرہ بگٹی میں آندھی کے ساتھ طوفانی بارش کے باعث سائن بورڈوں سمیت نواب بازار میں متعدد دکانوں کے چھپرے بھی اڑ گئے۔

مزیدخبریں