سٹی42: پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی کی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر آ کر روایتی حریف انڈیا کی ایشیا کپ میں جیت کا مزا کرکرا کر دیا۔
انڈیا ایشیا کپ دھوم دھام کے ساتھ جیت کر بھی ون ڈے رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر ہے، پاکستان اہم کھلاڑیوں کو درپیش مسائل کے سبب ایشیا کپ نہ جیت سکا لیکن ون ڈے کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر آگیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی رینکنگ میں پاکستان کو انڈیا پر معمولی برتری حاصل ہے جس نے اسے پہلی پوزیشن پر کھڑا کر دیا اور انڈیا دوسرے نمبر پر چلا گیا۔پاکستان اور انڈیا کے ریٹنگ پوائنٹس 115 ہیں، البتہ پاکستان کو ڈیسیمل پوائنٹس پر برتری ہونے کی وجہ سے پہلی پوزیشن مل گئی ہے۔
آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا کی ٹیم 113 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلی گئی ہے جبکہ جنوبی افریقا کا چوتھا نمبر ہے۔
حالیہ دنوں میں ہونے والے میچوں میں انڈیا نے ایشیا کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر آٹھویں مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ اس جیت سے عالمی رینکنگ میں انڈیا کی پوزیشن بہتر ہوئی اور وہ پہلی پوزیشن پر براجمان پاکستان کے نزدیک ترین پہنچ گیا جبکہ اسی دوران ساوتھ افریقہ نے 5 میچوں کی سیریز کے آخری ون ڈے میں آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز 2-3 سے اپنے نام کرلی۔جنوبی افریقا کے ہاتھوں آسٹریلیا کی شکست کے بعد پاکستان پھر آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آگیا تھا۔
اب صورتحال یہ ہے کہ ایشیا کپ جیت کر بھی ون ڈے رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر ہے، پاکستان ایشیا کپ نہ جیت سکا لیکن رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر آگیا۔ اس صورتحال پر انڈیا میں کرکٹ کے بعض مبصرین بہت چیں بہ جبیں ہیں۔ بعض نے تو اسے آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کی ٹیم کو تسلی دینے کی کوشش قرار دیا ہے۔ تاہم کھری حقیقت یہ ہے کہ خواہ معمولی برتری کے ساتھ ہی سہی، ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی رینکنگ میں ٹاپ سلاٹ پر پاکستان براجمان ہے۔