(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی لندن میں اہم ملاقات، ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، کسی کا دباؤ قبول نہیں۔
تفصیلات کے مطابق اس موقع پر سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، سلمان شہباز بھی موجود تھے، وزیر اعظم نے آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمٰن سے مشاورت کے بارے میں نواز شریف کو آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے نواز شریف سے گفتگو میں کہا کہ اس وقت تمام توجہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور معیشت کو بہتر کرنے پر مرکوز ہیں، ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تمام اتحادی عام انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کے حامی ہیں، اتحادیوں کے ساتھ ملکر پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
نواز شریف نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر وزیراعظم شہباز شریف سے اقدامات لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کئے جائیں جبکہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔