(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف 23 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے جس میں وہ عالمی برادری کو موسمیاتی تبدیلی سے درپیش مسائل کے حل اور خطرات سے نمٹنے کی تجاویز دیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں 19 ستمبر سے 23 ستمبر تک اجلاس میں شریک ہوں گے جبکہ 23 ستمبر کو جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کے موقع پر گلوبل فوڈ اینڈ سیکورٹی سمٹ میں بھی شرکت کریں گے جبکہ مختلف ممالک کے ہم منصب اور یواین کے صدر اور سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اپنے خطاب کے دوران موسمیاتی تبدیلی سے درپیش مسائل کے حل اور خطرات سے نمٹنے کی تجاویز دیں گے اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم دورہ کے دوران بین الاقوامی میڈیا سے بھی بات کریں گے جبکہ وزیر خارجہ بلاول زرداری بھی اجلاس کے موقع پر اپنے ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔