19 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا

18 Sep, 2022 | 11:37 AM

Ansa Awais

ویب ڈیسک :ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات برطانیہ بھر کے 125 سینما گھروں میں دکھائی جائے گی۔

برطانوی حکومت کے مطابق پارکس، چوک، گرجا گھروں میں بھی آخری رسومات دیکھنے کیلئے اسکرینیں لگائی جائیں گی۔خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کو تین ٹی وی چینلز پر بھی براہ راست دکھایا جائے گا۔

خبرایجنسی کا مزید کہنا ہے کہ ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کل ہوں گی اور اس موقع پر برطانیہ میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں مدعو عالمی رہنماؤں کی فہرست جاری کردی گئی ہے، روس اور شمالی کوریا کے صدر جنازے میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

برطانوی حکام کے مطابق آخری رسومات میں صرف ریاست کے سربراہان کو ایک یا دو افراد سمیت مدعو کیا گیا ہے، اس سلسلے میں دنیا بھر سے شاہی خاندانوں کی لندن آمد جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملکہ کے جنازے میں ڈچ بادشاہ ولیم الیگزینڈر، ملکہ میکسیما اور ولی عہد شرکت کریں گے، بیلجیئم کے کنگ فلپ، ناروے کے بادشاہ ہرالڈ پنجم، موناکو کے شہزادہ البرٹ دوم بھی شریک ہوں گے۔

جاپان کے شہنشاہ ناروہیٹو اور مہارانی ماساکو کو آخری رسومات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، 2019 میں تخت سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ڈنمارک کی ملکہ مارگریتھ اور اسپین کے بادشاہ فلیپ ششم اپنے والد، سابق بادشاہ جوآن کارلوس اوّل کے ہمراہ لندن پہنچ گئے ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن اور ان کی اہلیہ جل بائیڈن مہمانوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں، اس کے علاوہ فرانس کے صدرایمانوئل میکرون اور ترکی کے صدر طیب اردوان بھی شریک ہوں گے۔

مزیدخبریں