ویب ڈیسک: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) معیشت کی تباہی کی ذمہ دار ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح خطے میں سب سے زیادہ ہے اور روپیہ بے وقعت ہو گیا ہے۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اقتدار میں آنے سے قبل مہنگائی کے خلاف احتجاج کیے اور حکومت میں آ کر پی ڈی ایم نے عوام پر ظلم کی انتہا کر دی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی معیشت کی تباہی کی ذمہ دار ہے جبکہ بیڈگورننس اور غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے حالات ٹھیک نہیں ہو رہے۔ سراج الحق نے کہا کہ سودی معیشت اور کرپشن نے ملک کو دیمک کی طرح چاٹ لیا ہے اور حقیقی تبدیلی صرف اسلامی نظام سے آئے گی۔