( سٹی 42 ) سکولوں میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ کلاسز شروع کرنے کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، دوسرے مرحلے میں کلاسز تئیس ستمبر سے ہی شروع ہوں گی۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں پہلے 3 روز میں 34 بچے کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ سکولوں میں کورونا کیسز سامنے آنے پر متعدد سکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔ کورونا کیسز کی وجہ سے طلباء سمیت والدین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کلاسز شروع کرنے کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، دوسرے مرحلے میں کلاسز تئیس ستمبر سے ہی شروع ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی موجودہ صورتحال برقرار رہی تو کلاسز کھولنے کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ بائیس ستمبر کو این سی اوسی کے اجلاس میں اس بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وبا کی وجہ سے بند تعلیمی ادارے 6 ماہ بعد آج کھل گئے ہیں، پہلے مرحلے میں میٹرک کلاسز، انٹرمیڈیٹ اور یونیورسٹیز میں تدریسی عمل شروع کردیا گیا ہے۔ تعلیمی اداروں میں کورونا سے بچاؤ کے لیے سپرے کیا گیا۔
این سی او سی کے مطابق دوسرے مرحلے میں 23 ستمبر سے چھٹی سے 8 ویں جماعت تک کلاسز شروع ہوں گی، 30 ستمبر سے نرسری سے جماعت پنجم تک کلاسز کا آغاز ہو گا۔ طلبہ وطالبات کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، گروپ اے کی کلاسز سوموار، بدھ اور جمعہ کو ہوں گی جبکہ گروپ بی کی کلاسز منگل، جمعرات اور ہفتہ کو ہوں گی۔