( ریحان گل، جنید ریاض ) سپیشل کیٹیگری کے 1 لاکھ 10 ہزار طلباء کا امتحان اکتوبر کے دوسرے ہفتے سے لیا جائے گا، تعلیمی بورڈز نے امتحانات کے انعقاد کا پلان تیار کر لیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے نویں جماعت اور انٹرمیڈیٹ کے طلباء کو اگلی جماعتوں میں پروموٹ کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے لیکن سپیشل کیٹیگری کے 1 لاکھ 10 ہزار طلباء کے امتحانات لئے جانے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سپیشل کیٹیگری کے طلباء کا امتحان اکتوبر کے دوسرے ہفتے سے لینے کے لئے تعلیمی بورڈز نے پلان تیار کر لیا ہے۔
طالبعلموں کو تیاری کے لئے 1 ماہ سے بھی کم وقت ملے گا، نومبر کے تیسرے ہفتے تک نتیجہ جاری کیا جائے گا، یونورسٹیز ان طلباء کے لئے پہلا سمسٹر تاخیر سے شروع کریں گی۔
دوسری جانب صوبہ بھر کے سرکاری پرائمری سکولوں میں کورونا کے باعث لٹریرسی اینڈ نیومیرسی ڈرائیو ٹیسٹ منسوخ کردیا گیا ہے۔ ایل این ڈی ٹیسٹ پرائمری سکولوں میں ہر ماہ بچوں سے لیا جاتا تھا۔ ٹیسٹ مانیٹرنگ ایلوایشن اسسٹنٹ سکول وزٹ کے دوران بچوں سے لیتے تھے۔ ایل این ڈی ٹیسٹ ایم ایز ٹیب کے ذریعہ آن لائن منعقد کرائے جاتے تھے۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق تمام بچوں سے ایک ہی ٹیب پر ٹیسٹ لینے سے کورونا پھیلنے کا خدشہ تھا، کورونا حالات بہتر ہوتے ہی بچوں کےایل این ڈی ٹیسٹ دوبارہ سے منعقد کرائے جائیں گے۔