لیگی رہنماوں کی عدالت پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات

18 Sep, 2019 | 12:59 PM

Shazia Bashir

یاور ذوالفقار: مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت کی احتساب عدالت پیشی، سیکورٹی کے سخت انتظامات، عدالت جانے والے راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر نوگو ایریا بنا دیا گیا، عدالت جانے کی اجازت نہ دینے پر پولیس اور وکلا میں بحث و تکرار، پولیس نے ایڈیشنل سیشن جج اختر بھنگو کی گاڑی کو بھی عدالت جانےسے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت کی پیشی سےقبل ضلعی انتظامیہ نےاحتساب عدالت جانے والے راستے کو کنٹینرز، خاردار تاریں اور بیرئیر لگاکر بند کردیا، ایم اے او کالج سے سیکرٹریٹ تک مکمل نو گو ایریا بنا دیا گیا، لیگی کارکنان اور سائلین کو احتساب عدالت داخلے کی اجازت نہ دی گئی۔ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی۔

لیگی کارکنان کو بھی پولس نے احتساب عدالت جانے سے روک دیا جس پر لیگی وکلا اور پولیس میں بحث و تکرار بھی ہوئی، سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار نے ایڈیشنل سیشن جج اختر بھنگو کی گاڑی کو بھی ایم اے او کالج کے باہر روک دیا اورعدالت جانے کی اجازت نہ دی۔ جس پر ایڈیشنل سیشن جج نےنارضگی کا اظہار کیا، تاہم ڈی ایس پی صوبہ خان نے موقع پر پہنچ کر معاملےکو سلجھایا اور پولیس اہلکار کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن لینے کی یقین دہانی بھی کرائی، ایڈیشنل سیشن جج دس منٹ بعد احتساب عدالت روانہ ہوئے۔

ن لیگی رہنمامریم نواز، حمزہ شہباز اور یوسف عباس کی پیشی سے قبل راستے بند ہونے پر شہریوں کو پریشانی کا سامنا رہا جبکہ ہائی پروفائل پیشیوں کی وجہ سے عام سائلین کےمقدمات میں بھی تاخیر ہوئی۔

مزیدخبریں