ویب ڈیسک : شہادت ہر مسلمان اور مجاہد کا سب سے بڑا خواب ہے، افغان طالبان کا یحییٰ سنوار کی شہادت پر ردعمل سامنے آگیا
افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ۔ اس میں کہا گیا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ یہ خبر موصول ہوئی ہے حماس کے رہنما یحییٰ سنوار صہیونی غاصبوں کے حملے میں شہید ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کی راہ میں شہادت ہر مسلمان اور لڑنے والے مجاہد کا سب سے بڑا خواب ہے، ہم بہادر مجاہد بھائی یحییٰ سنوار کی شہادت پر اسلامی تنظیم حماس، تمام مجاہدین اور خاص طور پر فلسطین کے مظلوم اور مجاہد عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھاکہ قابض اسرائیلیوں کو یہ نہیں بھولنا چاہیے مجاہدین قائدین کی شہادت سے دشمن کے خلاف جدوجہد کو کئی گنا زیادہ تقویت ملے گی۔افغان حکومت نے تمام مسلمانوں سے مطالبہ کیاکہ وہ فلسطین کے مظلوم عوام کے مؤقف کی حمایت کریں، ان کے پیچھے کھڑے ہوں اور اس حوالے سے ذمہ داری پوری کریں جو سب پر لاگو ہوتی ہے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ غزہ میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا جس میں حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار بھی موجود تھے اور وہ جاں بحق ہوگئے۔حماس نے اپنے سربراہ کی شہادت کی تصدیق کی اور حماس کے نائب سربراہ خلیل الحیہ نے کہا کہ یحییٰ سنوار 16 اکتوبر کو اسرائیلی فورسز سے بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش فرما گئے۔