سٹی42: حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے تحریک کے سربراہ یحییٰ السنوار کے غزہ میں مارے جانے پر اپنے بیان میں کہاکہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ قائدین شہدا کے قافلے میں شامل ہیں، انہوں نے اللہ کی خاطر اپنی جانیں اور خون فلسطین کی آزادی کی راہ پر قربان کیا، یحییٰ سنوار(ابو ابراہیم) اپنے مجاہدین بھائیوں کے درمیان غاصبوں سے لڑتے ہوئے ایک ہیرو کی طرح شہید ہوئے۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان کی جانب سے آج جمعہ کے روز ریلیز کئے گئے بیان میں کہا گیاکہ ابو ابراہیم (یحیٰ سنوار) نے اپنی جوانی قیدی کے طور پر قربان کی اور 20 سال اسرائیلی جیلوں پر قید رہے، رہائی کے بعد مزاحمت کا راستہ جاری رکھا، عسکری امور کی نگرانی کی اور مزاحمتی محاذوں کو متحد کرنے کے عمل میں اہم کردار ادا کیا۔
ترجمان نے کہا ، جہاد اور مزاحمت کا یہ راستہ اس وقت تک نہیں رکے گا جب تک فلسطین آزاد نہ ہو جائےاور اس میں سے آخری صہیونی کو نکال باہر نہ کردیں۔ اگر دشمن یہ سوچتا ہے کہ قائدین کی شہادت سے مزاحمت ختم یا ہم پیچھے ہٹ جائیں گے تو یہ اس کی بھول ہے بلکہ یہ تحریک جاری رہے گی۔