وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایات پرصوبائی وزراء کا گورنمنٹ جنرل ہسپتال کا اچانک دورہ

18 Oct, 2023 | 05:26 PM

This browser does not support the video element.

ویب ڈیسک: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایات پر نگران کابینہ کے ارکان صوبائی وزراء نے گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کا اچانک دورہ کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات عامر میر، وزیر اوقاف اظفر علی ناصر اور سیکرٹری اطلاعات پنجاب علی نواز ملک نے گورنمنٹ جنرل ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کرکے مریضوں کوعلاج معالجہ کی فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزراء نے مشینری کی دستیابی اور فعال ہونے کی تصدیق کی، ساتھ ہی زیرعلاج مریضوں کی عیادت اور ان سے ڈاکٹرز کی طرف سے چیک کرنے کے بارے میں دریافت کیا۔ ہسپتال میں آئوٹ سورس سروسز کا معیار ناقص ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کنٹرکٹ سٹاف کی موجودگی کو چیک کرنے کا حکم دیا۔ 

وزراء نے بعض مریضوں کو بروقت علاج فراہم نہ کرنے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی سرزنش کی، ساتھ ہی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے مریضوں کی شکایت حل نہ ہونے پر وضاحت طلب کرلیا۔ 

نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا کہ نگران حکومت پنجاب نےشعبہ صحت کی بہتری پر توجہ مرکوز کررکھی ہے۔ مریضوں کے علاج معالجہ میں کوئی تعطل برداشت نہیں۔نگران وزیراعلیٰ کے حکم پر صوبائی کابینہ سمیت چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکرٹریز ڈویژن بھر کے ہسپتالوں کی انسپکشن کررہے ہیں۔ ہسپتالوں میں مریضوں کے لئے مشکلات پیدا کرنے والے عہدوں پر قائم نہیں رہیں گے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اپنی تعیناتی کے بعد سے اب تک ہسپتال کی بہتری اور مریضوں کے علاج معالجہ کی پراگریس رپورٹ فراہم کریں۔ہسپتال کو مزید بہتر بنانے اوردرکار مشینری سمیت دیگر ضروریات کے بارے میں تحریری درخواست حکومت پنجاب کو ارسال کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال کے دورہ کے حوالے سے آج ہی زمینی حقائق پر مبنی رپورٹ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کو پیش کردی جائے گی۔

مزیدخبریں