ویب ڈیسک: ستمبر 2023 میں ایلون مسک نے عندیہ دیا تھا کہ تمام صارفین کو ایکس کے استعمال پر ماہانہ فیس ادا کرنا ہوگی اور اب اس منصوبے پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے نیوزی لینڈ اور فلپائن میں ایکس کے صارفین کے لیے نئے سبسکرپشن پروگرام کی آزمائش کا اعلان کیا گیا ہے۔کمپنی کے مطابق اس نئے پروگرام کا مقصد سوشل پلیٹ فارم میں چیٹ بوٹس کی بھرمار کو روکنا ہے۔ ایکس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 17 اکتوبر سے 2 ممالک میں اس نئے پروگرام کی آزمائش شروع کی جا رہی ہے۔
اس پروگرام کے تحت نیوزی لینڈ اور فلپائن میں ایکس پر نئے اکاؤنٹ بنانے والے افراد کو اپنے فون نمبر کی تصدیق کرنا ہوگی اور اس کے بعد پوسٹ، لائیک، ریپلائی، ری پوسٹ اور بک مارکس جیسے فیچرز استعمال کرنے کے لیے سالانہ ایک ڈالر فیس ادا کرنا ہوگی۔بیان کے مطابق اس نئے پروگرام سے اسپام پوسٹس اور چیٹ بوٹس کی سرگرمیوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ یہ ایکس پر اسپام پوسٹس کرنے والوں اور چیٹ بوٹس سے مقابلہ کرنے کے لیے طاقتور ترین ہتھیار ثابت ہوگا، البتہ موجودہ صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔کمپنی نے بتایا کہ جو نئے صارف سبسکرپشن پروگرام کا حصہ نہیں بنیں گے وہ اس پلیٹ فارم پر پوسٹس پڑھ سکیں گے، ویڈیوز دیکھ سکیں گے اور اکاؤنٹس فالو کر سکیں گے، مگر پوسٹ یا لائیک نہیں کر سکیں گے۔
دیگر ممالک میں اس نئے پروگرام کو متعارف کرانے کے حوالے سے فی الحال کمپنی نے کچھ نہیں بتایا۔واضح رہے کہ اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد اس سوشل میڈیا نیٹ ورک میں متعدد تبدیلیاں کی ہیں۔
کمپنی کو منافع بخش بنانے کے لیے ایلون مسک نے ہزاروں ملازمین کو نکال دیا جبکہ بلیو ٹک سمیت متعدد فیچرز کو ماہانہ سبسکرپشن سے مشروط کر دیا۔اسی طرح اگست 2023 میں ٹوئٹ ڈیک تک عام صارفین کی رسائی ختم کر دی تھی۔
ٹوئٹ ڈیک جسے اب ایکس پرو کا نام دیا گیا ہے، تک رسائی ایکس بلیو (ٹوئٹر بلیو کا نیا نام) کے صارفین کے لیے ہی ممکن ہے، یعنی ماہانہ فیس ادا کرنا پڑتی ہے۔