بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی، وجہ بھی سامنے آگئی

18 Oct, 2022 | 03:34 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی کے 7 اضلاع میں ایک بار پھر بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے۔ 

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں سیکیورٹی اہلکاروں کی عدم دستیابی کے باعث کراچی کے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، الیکشن کمیشن نے 15 دن کے بعد اجلاس دوبارہ طلب کر لیا  جس میں‌ بلدیاتی انتخابات کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس  میں وفاقی حکومت کے خط کا جائزہ لیا گیا. دوران اجلاس الیکشن کمشنر نے کہا کہ ووٹرز کا تحفظ اولین ترجیح ہے، 15دن بعد دوبارہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فیڈ بیک لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سے 16 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کا مطالبہ کیا تھا، وزارت داخلہ بھی بلدیاتی الیکشن کے لیے سیکیورٹی اہل کار دینے سے معذرت کر چکی ہے۔

واضح  رہے کہ سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سے 90 دن کے لیے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے، سندھ حکومت کراچی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کے لیے 3 بار درخواست کر چکی ہے، کراچی اور حیدر آباد ڈویژنز میں بلدیاتی انتکابات 24 جولائی کو ہونا تھے تاہم پہلے سیلاب اور پھر سیکیورٹی انتظامات کے باعث اسے کئی مرتبہ ملتوی کیا جاچکا ہے۔

 

مزیدخبریں