(جنید ریاض) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی نااہلی کے باعث لاہور میں پہلے ٹرانس جینڈر سکول کے قیام کا منصوبہ ٹھپ ہوگیا ، اعلان کے تحت یکم اکتوبر کو سکول کا افتتاح ہونا تھا.
ذرائع کے مطابق لاہور میں پہلا ٹرانسجینڈر سکول بنانے کے حوالے سے انتظامات ہی مکمل نہ کیے جاسکے، برکت مارکیٹ کے سرکاری سکول کو ٹرانسجینڈر سکول میں تبدیل کیا جانا ہے، ایک سال قبل منصوبے کا اعلان کیا گیا تھا، سکول کو ملٹی کلاسز بنانے کا اعلان کیا گیا، ابتدائی طور پر 210 ٹرانسجینڈرز کو سکول میں رجسٹرڈ کیا جانا ہے تاہم ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کی عدم دلچسپی کے باعث منصوبہ تاحال التوا کا شکار ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس میں 1668اہلکاروں کی بھرتی کا اشتہار جاری کر دیا گیا،اشتہار میں ٹرانس جینڈرز سے اہلیت کی بنیاد پر درخواستیں طلب کی گئیں،ٹرانس جینڈرزسے قومی شناختی کارڈ پر لکھی جنس کے مطابق درخواستیں طلب کی گئیں۔
پولیس ترجمان کا کہناتھا کہ ٹرانسجینڈر ایکٹ کی دفعات کے مطابق امیدوارخود سے حاصل شدہ صنفی شناخت کا اطلاق بھی کر سکتا ہے،ٹرانسجینڈر امیدواروں کی بھرتی جنرل میرٹ پر کی جائے گی،جنرل میرٹ امیدوار کے لئے میٹرک پاس سرٹیفکیٹ ہولڈر،تمام ٹیسٹس پاس کرنا لازم ہے۔